تاثیر 01 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، یکم ستمبر : پریزیڈنسی اصلاحی جیل میں بند امریکی سینٹر حملہ کیس کے مجرم آفتاب انصاری کے سیل سے آئی فون، اسمارٹ فون، راؤٹر اور دیگر الیکٹرانک مواصلاتی آلات برآمد ہونے کے بعد وزیراعلیٰ شبھیندو ادھیکاری نے منگل کو اچانک پریزیڈنسی جیل کا دورہ کیا۔ وہ دوپہر تقریباً سوا دو بجے اصلاحی جیل پہنچے۔جیل پہنچنے کے بعد وزیراعلیٰ نے رشی اروند کی مورتی پر گلہائے عقیدت پیش کیے اور اس سیل کا معائنہ کیا جہاں کبھی رشی اروند قید رہے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے جیل کے ایک وارڈ کے باہر سے قیدیوں سے بات چیت کی اور ان کی سہولتوں اور مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔وزیراعلیٰ نے جیل کے اندر واقع قیدیوں کی ورکشاپ کا بھی معائنہ کیا۔ یہاں قیدی کپڑوں سمیت مختلف اشیا تیار کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے اصلاحی جیل کے احاطے میں واقع مندر میں پوجا بھی کی۔

