ہماچل میں لینڈ سلائیڈنگ سے 93 سڑکیں بلاک، 12 ستمبر تک بارش کا امکان

تاثیر 06 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

شملہ، 06 ستمبر: ہماچل پردیش میں مانسون فعال ہونے کی وجہ سے ریاست کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ بارش کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات سے 93 سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔ ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق، اتوار کی صبح تک 23 بجلی کے ٹرانسفارمر اور 15 پینے کے پانی کی سپلائی اسکیمیں بھی متاثر ہوئیں۔ شملہ میں صبح سے ہی بادل چھائے رہے۔
محکمہ موسمیات نے ریاست میں 12 ستمبر تک بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ تاہم اس مدت کے لیے شدید بارش کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے۔ محکمہ نے آج سے 10 ستمبر تک کچھ علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ 11 اور 12 ستمبر کو بھی جزوی طور پر ابر آلود موسم متوقع ہے۔ ان دنوں میں سے کسی میں شدید بارش کا کوئی الرٹ نہیں ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے کئی حصوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ ناہن میں سب سے زیادہ 53.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔ دیگر ریکارڈ شدہ اعداد و شمار میں نینا دیوی (بلاس پور) میں 46.2 ملی میٹر، جوگندر نگر (منڈی) میں 39 ملی میٹر، سراہن (شملہ) میں 30.1 ملی میٹر، دھولاکواں اے ڈبلیو ایس (سرمور) میں 26.5 ملی میٹر اور جاٹن بیراج (سرمور) میں 24 ملی میٹربارششامل ہیں۔