تاثیر 21 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 21 ستمبر: غیر منقسم ترنمول کا انتخابی نشان اور پارٹی کا نام ہاتھ سے نکل جانے کے باوجود فی الحال پارٹی کے فنڈ پر ممتا بنرجی کی قیادت والے ترنمول گروپ کا حق برقرار رہے گا۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی عبوری ہدایات کو زیادہ اہمیت نہ دیتے ہوئے اس معاملے میں اپنا سابقہ حکم برقرار رکھا ہے۔
جسٹس سوگت بھٹاچاریہ کی بنچ نے پیر کو کہا کہ الیکشن کمیشن نے ابھی اس معاملے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں دیا ہے۔ ضمنی انتخابات کے پیش نظر کمیشن نے ترنمول کے نام اور انتخابی نشان سے متعلق عبوری ہدایات جاری کی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ کمیشن کی ان ہدایات کے باوجود پارٹی فنڈ کے معاملے میں وہ اپنے سابقہ فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ آئندہ 29 جنوری تک پارٹی کے فنڈ سے رقم خرچ کرنے کا اختیار ممتا گروپ کے پاس ہی رہے گا۔
الیکشن کمیشن کی عبوری ہدایات کے مطابق ممتا بنرجی یا تریتبرت بنرجی کے گروپ فی الحال ’آل انڈیا ترنمول کانگریس‘ نام اور ’جوڈا پھول‘ انتخابی نشان استعمال نہیں کر سکیں گے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے دلیل دی گئی کہ ایسی صورتحال میں کالی گھاٹ ترنمول کے بینک کھاتوں کو فریز کرنے سے متعلق معاملہ قابل سماعت نہیں ہونا چاہیے۔

