تاثیر 11 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 11 ستمبر:وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز دو طرفہ بات چیت کے دوران روسی صدر ولادیمیر پوتن کو مشہور تامل شاعر، فلسفی اور سنت تھروولور کی تصنیف تروکْرَل کا روسی ترجمہ پیش کیا۔ مودی نے کہا کہ یہ کتاب زبان اور جغرافیائی حدود سے بالاتر ہے ۔
بھارت منڈپم میں ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مبارکباد کا تبادلہ کیا اور دلچسپی کے مختلف دو طرفہ اور مشترکہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے بعد میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ملاقات کی ویڈیو شیئر کی، جس میں پوتن کو پیش کیے جانے والے تروکْرَل کے روسی ترجمہ کے بارے میں بتایا گیا۔
مودی نے کہا، “صدر پوتن کوتروکْرَل کا روسی ترجمہ پیش کیا، جو زبان اور جغرافیائی حدود سے بالاترہے۔”
تروکْرَل تمل ادب کی عظیم تخلیقات میں شامل ہے۔ اس میں 1,330 دوہے ہیں، جن میں اخلاقیات، نیک سیرتی، حکمرانی، سماجی زندگی اور انسانی اقدار سے متعلق خیالات کو مختصر اور گہرے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
عظیم شاعر اور فلسفی تروولّوور کی یہ تخلیق تمل ادب کی اہم ترین تصانیف میں شمار ہوتی ہے۔ پوتن کو اس کا روسی ترجمہ پیش کرنا بھارت اور روس کے درمیان طویل عرصے سے قائم ثقافتی اور تہذیبی تعلقات کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

