تاثیر 11 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 11 ستمبر: اس وقت اتر پردیش کی سیاست کے مرکز میں نیلا رنگ آ گیا ہے۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر مایاوتی نے جمعہ کو نیلے رنگ کو لے کر کانگریس اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ نیلے کپڑے اور گمچھا پہننے اور نیلا اسٹیج لگانے سے غریبوں اور محروم طبقات کے تئیں برسوں سے چلی آ رہی ان کی ذات پات پر مبنی اور سرمایہ دارانہ سوچ تبدیل نہیں ہو سکتی۔ نہ ہی یہ لوگ دل سے امبیڈکر وادی بن سکتے ہیں اور نہ ہی خود کو امبیڈکر وادی کہلانے کے حقدار ہیں۔ اسی لیے ’بہوجن سماج‘ کے حقیقی مفاد اور فلاح و بہبود کے لیے پہلے انہیں اپنا دل اور دماغ صاف کرنا چاہیے۔اتر پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی نے کہا کہ ویسے بھی یہ لوگ ان طبقات کے معاملے میں آئے دن گرگٹ کی طرح رنگ بدلتے رہتے ہیں۔ یعنی یہ کہتے کچھ ہیں اور کرتے اس کے بالکل برعکس ہیں۔ خاص طور پر ایس پی کے ’پی ڈی اے‘ کے معاملے میں ان کی سوچ، چال، کردار اور چہرہ ہمیشہ دوغلا اور بے ایمان رہا ہے، جس کی بے شمار مثالیں موجود ہیں۔ یہ بات سب جانتے ہیں۔ اسی لیے ان طبقات کی واحد حقیقی خیر خواہ اور امبیڈکر وادی پارٹی صرف بی ایس پی ہی ہے، جو سب کے سامنے واضح ہے۔

