تاثیر 04 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 4 ستمبر: دہلی کے جنتر منتر پر ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ (سی جے پی) کے مظاہرے کے دوران کارکن نشو آزاد کے والد سنجے آزاد پر مبینہ حملے اور ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے جمعہ کو مختلف تنظیموں اور گروپوں نے پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کے باہر دھرنا دیا۔
دھرنے میں کانگریس کے رہنماؤں، آزاد رکن پارلیمنٹ پپو یادو، بائیں بازو کی جماعتوں کے طلبہ رہنماؤں اور بھیِم آرمی کے کارکنوں نے شرکت کی۔ آزاد رکن پارلیمنٹ پپو یادو متاثرہ نشو آزاد اور ان کے حامیوں کے ساتھ دھرنے پر بیٹھے۔ اس دوران مظاہرین نے دہلی پولیس اور مرکزی حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا الزام ہے کہ تقریباً دو ماہ قبل نشو آزاد کے والد سنجے آزاد پر جان لیوا حملہ کیا گیا تھا، جس میں ان کے سر پر شدید چوٹ آئی تھی۔ واقعے کے وقت نشو آزاد نے دہلی پولیس سے انصاف اور ملزمان کی گرفتاری کی اپیل کی تھی، تاہم دو ماہ گزرنے کے باوجود ملزمان کھلے عام گھوم رہے ہیں اور مبینہ طور پر اپنے جرم کا اعتراف بھی کر رہے ہیں۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ چونکہ ملزمان نے خود حملے میں ملوث ہونے کی بات تسلیم کی ہے، اس لیے انہیں فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف اقدامِ قتل سمیت سخت دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔

