لوک سبھا اسپیکر، وزیر دفاع اور کانگریس صدر نے ایشور چندر ودیا ساگر کے یومِ پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا

تاثیر 26 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 26 ستمبر: لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے سمیت کئی رہنماؤں نے ہفتہ کو عظیم سماجی مصلح، ماہر تعلیم اور انسان دوست مفکر ایشور چندر ودیا ساگر کے یومِ پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور تعلیم و سماجی اصلاح کے شعبے میں ان کی خدمات کو یاد کیا۔
اوم برلا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا کہ ودیا ساگر کی عظمت صرف ان کے علم اور سماجی اصلاح کی کوششوں میں ہی نہیں بلکہ ان کی سادہ زندگی، حساس دل اور غیر معمولی انسانی ہمدردی میں بھی نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ودیا ساگر ضرورت مندوں کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار رہتے تھے اور ان کی شخصیت میں علم، عاجزی اور خدمت کے جذبے کا شاندار امتزاج تھا۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ تعلیم نسواں کے زبردست حامی ودیا ساگر نے لڑکیوں کے لیے اسکول قائم کیے اور تعلیم تک ان کی رسائی بڑھانے کی کوششیں کیں۔ انہوں نے بنگالی زبان اور رسم الخط کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امت شاہ نے کہا کہ ودیا ساگر نے تعلیم کو سماجی تبدیلی کا سب سے مؤثر ذریعہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ’ورن پریچے‘ کے ذریعے ودیا ساگر نے بنگالی حروف تہجی کو نئی شکل دینے کے ساتھ ساتھ بے شمار بچوں کے لیے علم کے دروازے کھولے۔ بیواوں کی دوبارہ شادی اور خواتین کی تعلیم کے لیے ان کی زندگی بھر کی جدوجہد آج بھی معاشرے کو سمت فراہم کرتی ہے۔