تاثیر 15 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) ضلع کلکٹر روہتاس شری دیپک کمار مشرا نے سہسرام کے گنجان آباد علاقوں کا معائنہ کیا جنمیں قادر گنج اور شاہ جلال پیر شامل ہے، تاکہ پانی کی بھرائی کو دور کرنے کے لئے قدیم ہتھیا کنویں کو صاف اور خوبصورت بنایا جا سکے ۔ معائنہ کے دوران او ایس ڈی ونئے پرتاپ، ڈی پی آر او آشیش رنجن، سہسرام میونسپل کارپوریشن کمشنر وکاس کمار اور سرکل آفیسر خوشبو کماری موجود تھے ۔ ضلع کلکٹر دیپک کمار مشرا نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ دریائے کدرا سے تجاوزات ہٹانے کے سلسلے میں تجاوزات کرنے والوں کو نوٹس جاری کریں ۔ ضلع کلکٹر دیپک کمار مشرا نے کہا کہ کدرا ندی کی صفائی اور ندی اور نالوں سے تجاوزات کو ہٹانا قادر گنج میں پانی بھرنے کے مسئلہ کو حل کرنے کی ترجیحات میں شامل ہے، قادر گنج علاقے میں پانی بھرنے کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے انتظامیہ فوری طور پر کام کریگی اور بروقت حل کو یقینی بنائیگی ۔ ضلع کلکٹر دیپک کمار مشرا نے میونسپل کارپوریشن آف سہسرام کمشنر اور سرکل آفیسر کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دی ۔ تشکیل شدہ ٹیم کدرا ندی اور قادر گنج میں نالے سے فوری صفائی اور تجاوزات کو ہٹانے کو یقینی بنائیگی ۔ تجاوزات کرنے والوں کو پہلے ہی نوٹس جاری کر دئے جائینگے ۔ ضلع کلکٹر دیپک کمار مشرا نے ایک قدیم کنویں کا بھی معائنہ کیا، انھوں نے میونسپل کارپوریشن سہس کمشنر کو قدیم کنویں کی صفائی اور خوبصورتی کی ہدایت دی ۔ واضح ہو کہ قادر گنج شاہ جلال پیر کے علاقے میں تجاوزات کی وجہ سے سہسرام کے گنجان آباد علاقے میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہو جاتا ہے، جس سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ضلع کلکٹر دیپک کمار مشرا نے اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے ہی معائنہ کیا ہے ۔

