اہل خانہ کے ساتھ لال باغچہ راجہ کے درشن کے لیے پہنچے شاہ رخ خان

تاثیر 22 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 22 ستمبر: اداکار شاہ رخ خان گنیش چترتھی کے موقع پر اپنی اہلیہ گوری خان اور بیٹی سہانا خان کے ہمراہ ممبئی کے مشہور لال باغچہ راجہ کے درشن کے لیے پہنچے۔ شاہ رخ کے پنڈال میں پہنچتے ہی وہاں موجود لوگوں کی توجہ ان کی جانب مبذول ہو گئی۔ اس موقع پر ان کی مینیجر پوجا ددلانی اور سکیورٹی ٹیم بھی ان کے ساتھ موجود تھی۔ شاہ رخ کو اپنے درمیان دیکھ کر کئی مداح پرجوش نظر آئے اور انہوں نے اس خاص لمحے کو اپنے موبائل کیمروں میں قید کر لیا۔
پنڈال کے اندر شاہ رخ نے بھگوان گنیش کی پوجا کی اور بپا کے سامنے سر جھکا کر آشیرواد لیا۔ آرتی کے دوران وہ ہاتھ جوڑ کر پرارتھنا کرتے ہوئے نظر آئے۔ اس موقع پر انہوں نے نیوی بلیو رنگ کا کرتا پاجامہ پہن رکھا تھا اور ماتھے پر تلک لگایا ہوا تھا۔ گوری خان پیلے رنگ کے روایتی لباس میں نظر آئیں، جبکہ سہانا نے گہرے سبز رنگ کا روایتی لباس زیب تن کیا تھا۔ اہل خانہ کے درشن کی ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئیں۔
شاہ رخ اس سے قبل بھی لال باغچہ راجا کے درشن کر چکے ہیں۔ ستمبر 2023 میں وہ اپنے چھوٹے بیٹے ابرام اور پوجا ددلانی کے ساتھ بپا کا آشیرواد لینے پہنچے تھے۔ حال ہی میں ایک ’آسک ایس آر کے‘ سیشن میں شاہ رخ نے یہ بھی بتایا تھا کہ وہ گھر پر اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ گنیش چترتھی مناتے ہیں۔