تاثیر30 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
رکھپور، 30 ستمبر:وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گورکھپور قیام کے دوران مسلسل دوسرے روز بدھ کی صبح گورکھ ناتھ مندر میں جنتا درشن کا انعقاد کیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف اضلاع سے آئے لوگوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ شکایات لے کر آنے والے لوگوں سے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فکر نہ کریں، حکومت ہر شخص کے مسئلے کو پوری ذمہ داری کے ساتھ حل کرائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ پوری مستعدی اور حساسیت کے ساتھ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بلا امتیاز ہر شخص کو انصاف ملے۔ ہر مستحق کو فلاحی اسکیموں کا فائدہ پہنچے، ضرورت مندوں کے مناسب علاج کا انتظام ہو اور زمینوں پر قبضہ کرنے والے لینڈ مافیا اور دبنگ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
گورکھ ناتھ مندر کے مہنت دگ وجے ناتھ اسمرتی بھون کے باہر منعقدہ جنتا درشن پروگرام میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے تقریباً 150 لوگوں کے مسائل سنے۔ انہوں نے تمام درخواستیں متعلقہ افسران کو بھیجتے ہوئے ان کے فوری اور اطمینان بخش ازالے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی لوگوں کو یقین دلایا کہ حکومت ہر متاثرہ شخص کے مسئلے کا حل یقینی بنائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے ریونیو اور امن و قانون سے متعلق معاملات کو بھی جلد نمٹانے کی ہدایت دی۔بدھ کے جنتا درشن میں کچھ لوگ سنگین بیماریوں کے علاج کے لیے مالی مدد کی درخواست لے کر بھی پہنچے تھے۔ اس پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے افسران کو ہدایت دی کہ جو بھی ضرورت مند ہیں، انتظامیہ ان کے اعلیٰ درجے کے علاج کے لیے جلد از جلد تخمینہ تیار کرکے فراہم کرے۔ تخمینہ موصول ہوتے ہی حکومت وزیراعلیٰ فنڈ سے علاج کے لیے رقم فراہم کرے گی۔

