تاثیر30 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سنگھواڑہ دربھنگہ( محمد مصطفٰی) سمری تھانہ احاطے میں بدھ کے روز دیہی ایس پی ساکشی کماری نے چائلڈ ویلفیئر پولیس افسر (CWPO) کے دفتر کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران انہوں نے دفتر میں بچوں کے لیے دستیاب سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں سے متعلق معاملات میں پولیس افسران کو حساسیت کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔ بچوں کو اپنی بات رکھنے میں کسی قسم کی جھجک یا پریشانی نہ ہو، اس کے لیے دفتر میں محفوظ اور سازگار ماحول برقرار رکھنا ضروری ہے۔ دیہی ایس پی نے کہا کہ چائلڈ ویلفیئر پولیس افسر کا دفتر صرف شکایات سننے تک محدود نہ رہے، بلکہ ضرورت مند بچوں کو مناسب مشورہ، رہنمائی اور ضروری مدد فراہم کرنے کا ذریعہ بنے۔ بچوں سے متعلق معاملات میں ان کی حفاظت اور حقوق کو ترجیح دیتے ہوئے ضابطے کے مطابق کارروائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے مسائل اور ان کی شناخت کی رازداری کا خصوصی خیال رکھا جائے۔انہوں نے پولیس افسران کو بچوں کے ساتھ حساس رویہ اختیار کرنے اور کسی بھی اطلاع یا شکایت پر فوری کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ تھانہ صدر اروند کمار نے بتایا کہ اعلیٰ افسران کی ہدایت پر تھانہ احاطے میں یہ دفتر شروع کیا گیا ہے۔ دفتر میں بچوں کے لیے دوستانہ ماحول تیار کرنے کے مقصد سے مختلف تصاویر سمیت ضروری سامان فراہم کیا گیا ہے۔ بچوں کو مشورہ، رہنمائی اور ضروری تعاون فراہم کیا جائے گا۔دفتر سے رابطے کے لیے موبائل نمبر 9097975487 جاری کیا گیا ہے۔ معائنے کے دوران تھانہ صدر اروند کمار، پوجا رانی، رویندر بھارتی، لال کرشن یادو، پنا لال سنگھ، ششی کانت سنگھ سمیت دیگر پولیس اہلکار موجود تھے

