نیپال میں آفت سے متاثرہ 84 ہزار افراد کے لیے اقوام متحدہ 5 کروڑ ڈالر جمع کرے گا

تاثیر 05 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کاٹھمنڈو، 05 ستمبر: نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 84 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں اور انہیں فوری انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ اور اس کے شراکت دار اداروں نے متاثرہ برادریوں تک ضروری امداد پہنچانے کے لیے تقریباً 5 کروڑ امریکی ڈالر جمع کرنے کی اپیل کی ہے۔اقوام متحدہ نے انسانی امداد فراہم کرنے والے شراکت دار اداروں سے یہ رقم فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ بھوٹے کوشی اور تریشولی ندیوں میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ 84 ہزار سے زیادہ افراد تک زندگی بچانے والی امداد پہنچانے کے لیے یہ اپیل کی گئی ہے۔
نیپال میں اقوام متحدہ کے دفتر کے مطابق یہ امدادی رقم قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی قیادت میں نیپال حکومت کی جانب سے تیار کردہ چار ماہ کے منصوبے کو ترجیحی بنیاد پر نافذ کرنے میں استعمال کی جائے گی۔ یہ منصوبہ موسم سرما شروع ہونے سے قبل متاثرہ افراد تک ضروری امداد پہنچانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔اقوام متحدہ اور اس کے انسانی امدادی شراکت دار ادارے نیپال حکومت کی قیادت میں جاری بچاؤ اور راحتی کارروائیوں کے ساتھ تال میل کرتے ہوئے کام کر رہے ہیں۔