تاثیر 21 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
احمد آباد، 21 ستمبر: گجرات کے معروف سومناتھ مندر سمیت اہم شخصیات اور عمارتوں کو ایک بار پھر بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد سکیورٹی ایجنسیوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ ایک نامعلوم شخص نے ای میل کے ذریعے یہ دھمکی دی ہے۔ ای میل کی ابتدا ’’السلام علیکم، اللہ اکبر‘‘ کے الفاظ سے کی گئی ہے۔ یہ ای میل سب سے پہلے پنجاب پولیس کو موصول ہوئی، جس کے بعد پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل پولیس نے گجرات پولیس کو اس کی اطلاع دی۔
دھمکی آمیز ای میل میں سومناتھ مندر، گجرات کے وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل، بی جے پی کے مرکزی دفتر، پولیس اہلکاروں اور خفیہ ایجنسی را کو نشانہ بنانے کا ذکر کیا گیا ہے۔ ای میل میں مختلف مقامات پر پہلے ہی بم نصب کیے جانے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ پیغام کے آخر میں ایک بار پھر ’’اللہ اکبر‘‘ لکھا گیا ہے۔
ای میل میں قابل اعتراض اور مبینہ دہشت گردانہ سرگرمیوں سے متعلق الفاظ بھی استعمال کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ’’پاکستان زندہ باد‘‘ جیسے نعرے بھی تحریر کیے جانے کی بات سامنے آئی ہے۔ دھمکی موصول ہونے کے بعد ریاست کی مختلف سکیورٹی ایجنسیوں اور پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

