گورکھا میں بھیانک سیلاب کے پیچھے مناسلو علاقے میں برفانی تودہ گرنے کا خدشہ

تاثیر11 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کاٹھمنڈو، 11 اکتوبر : نیپال کے گورکھا ضلع میں آنے والے بھیانک سیلاب کے پیچھے مناسلو ہمالیائی علاقے میں برفانی تودہ گرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم، ابھی اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ قومی آفات کے انتظامی ادارے نے بتایا کہ ایک مقامی شخص نے برفانی تودہ گرنے کے بعد سیلاب آنے کی اطلاع دی ہے، لیکن اس معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
ادارے کے ایگزیکٹیو سربراہ ڈاکٹر دھرماراج اپریتی کے مطابق، ایسا لگتا ہے کہ سیلاب چومنوبری گاؤں پالیکا کے شمالی علاقے سے آیا ہے۔ نقشے کے مطالعے سے یہ علاقہ مناسلو خطے سے جڑا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے بتایا، ’’سیلاب لوکپا اور چوملنگ کے شمالی حصے سے آیا ہے۔ نقشے میں دیکھنے سے یہ مناسلو کے نچلے آبی ذخیرے کے علاقے جیسا دکھائی دیتا ہے۔ یہ علاقہ مناسلو پہاڑ سے جڑا ہوا ہے۔ پانی تومکھولا، سیام کھولا اور چولنگ کھولا سے ہوتا ہوا نیچے آتا ہے۔‘‘
ڈاکٹر اپریتی کے مطابق، سیلاب کے باعث سر دی باس، جگت، یارو، تاتوپانی، ماتھی کھولا، سوتی اور آروکھیت سے ہوتے ہوئے آرو گھاٹ تک املاک اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آرو گھاٹ میں کافی نقصان ہوا ہے اور وہاں کا پل بھی سیلاب میں بہہ گیا ہے۔ علاقے میں موجود پن بجلی منصوبے کے بنیادی ڈھانچے اور تعمیر شدہ عمارتوں کو بھی سیلاب بہا لے گیا ہے۔ تاہم، اب تک اس سیلاب میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔