تاثیر10 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)
حالیہ دنوں میں اسکولوں اور دیگر عوامی مقامات پر بچوں کے ساتھ غلط نیت سے چھونے کے بڑھتے واقعات اور ان سے متعلق خبروں کے پیش نظر طالبات کو بیدار کرنے کے مقصد سے یو ایم ایس گوتھرا میں ایک خصوصی بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ محفوظ سنیچر کے مقررہ پروگرام کے علاوہ اسکول انچارج چندر شیکھر کی خصوصی پہل پر اس پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ اسکول میں جماعت ششم سے ہشتم تک کی طالبات کو گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ پروگرام کی قیادت تعینات معلمہ انکیتا کلور (گریجویٹ گریڈ) نے کی۔ اس دوران ترنم بیگم، نغمہ شاہین اور تعلیمی مرکز کی ساجدہ ناز نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ پروگرام کے دوران طالبات کو موک ڈرل کے ذریعے اچھے اور برے لمس کے درمیان فرق سمجھایا گیا۔ انہیں بتایا گیا کہ کس طرح کسی نامناسب لمس یا غیر آرام دہ صورتِ حال کو پہچان کر محتاط رہا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایسی صورتِ حال میں بلا خوف واضح طور پر ’نہیں‘ کہنے، وہاں سے کسی محفوظ مقام پر جانے اور اپنے والدین، اساتذہ یا کسی قابلِ اعتماد بالغ فرد کو فوری طور پر اطلاع دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
معلمات نے طالبات کو سمجھایا کہ ان کی حفاظت، عزت اور اپنے جسم پر ان کا اختیار انتہائی اہم ہے۔ کسی بھی نامناسب رویے کو چھپانے کے بجائے اس کے بارے میں کسی قابلِ اعتماد شخص کو بتانا چاہیے۔ اسکول انچارج چندر شیکھر کی اس پہل کا مقصد طالبات میں خود اعتمادی بڑھانا اور انہیں ممکنہ خطرات کے تئیں بیدار کرنا تھا۔ اس طرح کے بیداری پروگرام بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں خود حفاظتی تدابیر اختیار کرنے اور ہر ممکن خطرے کے تئیں ہوشیار رہنے کا جذبہ پیدا کرنے میں اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔

