تاثیر9 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 9 اکتوبر:مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن جمعہ کو تین روزہ سرکاری دورے پر سنگاپور پہنچ گئیں۔ 9 سے 11 اکتوبر تک جاری رہنے والے اس دورے کے دوران وہ سنگاپور کی اعلیٰ قیادت، عالمی سرمایہ کاروں اور صنعت و کاروبار کی اہم شخصیات کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گی۔ ان ملاقاتوں کا مقصد ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
وزارت خزانہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک پوسٹ میں بتایا کہ مرکزی وزیر خزانہ و کارپوریٹ امور نرملا سیتارمن کا جمعہ کو سنگاپور کے چانگی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہندوستان کے ہائی کمشنر شلپک امبولے نے استقبال کیا۔ اپنے تین روزہ دورے کے دوران وہ سنگاپور کے رہنماؤں اور عالمی سرمایہ کاروں سے ملاقات کریں گی۔اس دورے میں نرملا سیتارمن سنگاپور کی اعلیٰ سرکاری قیادت سے بات چیت کرنے کے ساتھ کاروباری اور سرمایہ کار برادری کی اہم شخصیات اور عالمی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں سے بھی تبادلہ خیال کریں گی۔ وزارت کے مطابق، وہ سنگاپور کے صدر تھرمن شانموگرٹنم، وزیر اعظم لارنس وونگ، نائب وزیر اعظم گن کم یونگ اور وزیر خارجہ ویوین بالاکرشنن سے ملاقات کریں گی۔
وزارت خزانہ کے مطابق، سرمایہ کاروں کے ساتھ بات چیت کے سلسلے میں نرملا سیتارمن ہیج فنڈ اور پورٹ فولیو فنڈ کے منتظمین کے ساتھ ایک گول میز اجلاس میں شرکت کریں گی۔ اس کے علاوہ سرمایہ کاروں، مالیاتی اداروں اور صنعت و کاروبار کی اہم شخصیات کے ساتھ حکومت اور کاروباری شعبے کے درمیان کئی اجلاس بھی ہوں گے۔

