جمہوریت میں اقتدار کا راستہ عوامی مینڈیٹ سے نکلتا ہے، انتشار سے نہیں: یوگی آدتیہ ناتھ

تاثیر16 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دہرادون/لکھنؤ، 16 اکتوبر:اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بنگلہ دیش کی طرز پر ہندوستان میں اقتدار کی تبدیلی کا خواب دیکھنے والی طاقتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت میں اقتدار کا راستہ عوامی مینڈیٹ سے نکلتا ہے، انتشار پھیلاکر نہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں ملک کی تعمیر کی مشعل دینے کے بجائے انہیں انتشار پھیلانے کے ہتھیار تھمانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
جمعہ کے روز اپنے بیان میں یوگی آدتیہ ناتھ نے الزام لگایا کہ انتخابی اصلاحات کا بہانہ اور انصاف کا نعرہ دے کر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جمہوریت عوام کے اعتماد کی بنیاد پر قائم ایک وسیع برگد کے درخت کی مانند ہے اور سازشوں کے طوفان اس کی بنیادیں نہیں ہلا سکتے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کی نوجوان طاقت ہندوستان کا مستقبل سنوارنے کے لیے ہے، نہ کہ کسی کی اقتدار کی بھوک مٹانے کے لیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سیاست کا غلط استعمال کرنے والوں کو عوام نے پہچان کر اقتدار سے دور رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو انتشار کی آگ میں جھونک کر اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، لیکن ملک ایسی سیاسی سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا۔
ادھر اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کانگریس اور اس کی اتحادی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ جمہوری طریقے سے اقتدار حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد اپوزیشن افراتفری کے ذریعے اقتدار کی تبدیلی کی راہ تلاش کر رہی ہے۔