تاثیر23 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کرائسٹ چرچ، 23 اکتوبر: ہندوستانی وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن نیوزی لینڈ کے خلاف ہفتہ، 24 اکتوبر کو کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20 بین الاقوامی میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ان کی دائیں ران کے پٹھے میں کھنچاؤ آ گیا ہے۔ انہیں یہ چوٹ سیریز کے پہلے میچ کے دوران لگی تھی۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے جمعہ کو اس کی اطلاع دی۔ بورڈ کے مطابق، میڈیکل ٹیم ایشان کی حالت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
ایشان کی چوٹ کے باعث ہی ہندوستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں اپنی بلے بازی کی ترتیب میں تبدیلی کی تھی۔ عام طور پر تیسرے نمبر پر بلے بازی کرنے والے ایشان کی جگہ تلک ورما کو تیسرے نمبر پر بھیجا گیا، جب کہ ایشان پانچویں نمبر پر بلے بازی کے لیے اترے۔ تاہم، ایشان تین گیندوں پر ایک رن بنا کر مچل سینٹنر کی گیند پر باؤنڈری کے قریب کیچ آؤٹ ہو گئے۔ تلک ورما بھی 11 گیندوں پر چھ رن بنا کر مائیکل بریسویل کا شکار بنے۔
ہندوستانی ٹیم کے بلے بازی کوچ ستانشو کوٹک نے پہلے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ایشان کی کمر کے قریب پٹھے میں کھنچاؤ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلے بازی کی ترتیب میں تبدیلی کسی حکمت عملی کے تحت نہیں، بلکہ ایشان کی چوٹ کے باعث کی گئی تھی۔ کوٹک نے اسی وقت اشارہ دیا تھا کہ ایشان ایک میچ سے باہر رہ سکتے ہیں۔

