وادھون بندرگاہ کے قریب میگا کیمیکل پارک کا منصوبہ، مہاراشٹر 5 ہزار ایکڑ تک زمین دینے کو تیار، مرکز سے منظوری طلب

تاثیر22 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی ، 22 اکتوبر:مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے پال گھر ضلع میں وادھون بندرگاہ کے قریب بڑے کیمیکل پارک کے قیام کا منصوبہ پیش کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے منظوری مانگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست منصوبے کے لیے 2,500 سے 5,000 ایکڑ زمین فراہم کرنے کو تیار ہے۔ ان کے مطابق وادھون بندرگاہ آئندہ 3 سال میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ مجوزہ پارک پال گھر کے ڈہانو تعلقے میں قائم ہوگا، جسے ماحولیاتی اعتبار سے حساس علاقہ قرار دیا گیا ہے۔ اس لیے تعمیر سے پہلے متعلقہ ضابطہ جاتی اور ماحولیاتی منظوریاں ضروری ہوں گی۔
گوریگاؤں کے بامبے ایگزیبیشن سینٹر میں انڈیا کیم 2026 کا افتتاح کرتے ہوئے فڑنویس نے پارک کے اعلان پر مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ریاست اسے قائم کرنے کی ذمہ داری قبول کرنے کو تیار ہے۔ مرکزی وزیر جے پی نڈا کے مطابق مرکزی بجٹ میں بھویہ رسائن اسکیم کا اعلان ہوچکا ہے۔ مجوزہ مالی انتظام کے تحت مرکز 1,000 کروڑ اور ریاست 500 کروڑ روپے فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت ماحولیاتی منظوری کے عمل میں سہولت فراہم کرے گی۔ منصوبے کو وکست بھارت کے تصور اور صنعتی و اقتصادی ترقی کے مقاصد سے منسلک کیا گیا ہے۔