تاثیر6 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
آخری دن ڈاکٹر ریشمی گوتم نے داخل کیا پرچہ، راجد نے پہلی بار خاتون امیدوار کو میدان میں اتارا
مظفرپور۔( نزہت جہاں)
بہار قانون ساز کونسل کی ترہت گریجویٹ انتخابی حلقہ میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ نامزدگی کے آخری دن راجد امیدوار ڈاکٹر ریشمی ونایک گوتم نے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا۔ ان کے نامزدگی کے موقع پر راجد کے متعدد سینئر رہنما اور کارکنان موجود رہے، جس کے ذریعے پارٹی نے اپنی تنظیمی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ ترہت گریجویٹ نشست پر اس بار انتخابی مقابلہ کئی رخی ہوگیا ہے۔ این ڈی اے حمایت یافتہ جے ڈی یو امیدوار ابھیشیک جھا، موجودہ قانون ساز کونسل رکن اور آزاد امیدوار ونشی دھر برجواسی، راجد امیدوار ڈاکٹر ریشمی ونایک گوتم اور جن سوراج کے امیدوار ڈاکٹر وموہن میدان میں ہیں۔ 5 اکتوبر کو ابھیشیک جھا نے بھی این ڈی اے کی حمایت کے ساتھ نامزدگی داخل کی تھی۔
ڈاکٹر ریشمی گوتم کی امیدواری اس انتخاب میں خاص اہمیت رکھتی ہے۔ 2024 کے ترہت گریجویٹ ضمنی انتخاب میں ڈاکٹر ونایک گوتم کے شوہر جن سوراج کے امیدوار تھے، جبکہ اس مرتبہ ڈاکٹر ریشمی گوتم راجد کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہی ہیں۔ اس تبدیلی کے بعد 2024 کے مقابلے میں اس بار سیاسی صف بندی بھی مختلف نظر آرہی ہے۔
2024 کے ضمنی انتخاب میں آزاد امیدوار ونشی دھر برجواسی نے کامیابی حاصل کی تھی۔ پہلی ترجیح کے ووٹوں کی گنتی میں برجواسی کو 23,003، ڈاکٹر ونایک گوتم کو 12,467، راجد کے گوپی کشن کو 11,600 اور جے ڈی یو کے ابھیشیک جھا کو 10,316 ووٹ حاصل ہوئے تھے۔
ضمنی انتخاب میں کل 75,886 پہلی ترجیح کے ووٹ پڑے تھے، جن میں 69,043 ووٹ درست قرار دیے گئے، جبکہ 6,843 ووٹ منسوخ ہوئے تھے۔ بعد میں دوسری ترجیح کے ووٹوں کی گنتی کے بعد ونشی دھر برجواسی کو فاتح قرار دیا گیا تھا۔ اس بار دلچسپ پہلو یہ ہے کہ 2024 کے ضمنی انتخاب میں الگ الگ سیاسی خیموں میں موجود کئی اہم چہرے بدلے ہوئے سیاسی پس منظر کے ساتھ میدان میں ہیں۔ جے ڈی یو کے ابھیشیک جھا ایک بار پھر انتخابی میدان میں ہیں اور انہیں این ڈی اے کی حمایت حاصل ہے، جبکہ موجودہ قانون ساز کونسل رکن ونشی دھر برجواسی آزاد امیدوار کی حیثیت سے اپنی نشست برقرار رکھنے کے لیے انتخاب لڑ رہے ہیں۔
دوسری جانب راجد نے ڈاکٹر ریشمی ونایک گوتم کو امیدوار بنا کر مقابلے میں اپنی موجودگی درج کرائی ہے، جبکہ جن سوراج کی جانب سے ڈاکٹر وموہن انتخابی میدان میں ہیں۔ اس طرح گریجویٹ ووٹروں کے سامنے اس بار متعدد سیاسی متبادل موجود ہیں۔ ترہت گریجویٹ انتخابی حلقے میں مظفرپور، سیتامڑھی، شیوہر اور ویشالی اضلاع شامل ہیں۔ چاروں اضلاع کے رجسٹرڈ گریجویٹ ووٹروں کا کردار انتخاب میں اہم ہوگا۔ انتخابی پروگرام کے مطابق 23 اکتوبر کو ووٹنگ اور 27 اکتوبر کو ووٹوں کی گنتی مقرر ہے۔

