تاثیر15 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہرسہ (سالک کوثر امام) ضلع کے سمری بختیار پور بلاک کے سمستی پور کے مخدوم چک کےرہنے والے سعود عالم نے بی این منڈل یونیورسٹی، مدھے پورہ سے اردو زبان میں پی ایچ ڈی مکمل کرلی ہے۔ انہیں ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازے جانے پر علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور علمی و ادبی حلقوں کی جانب سے مبارک باد پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق سعود عالم نے اپنی پی ایچ ڈی کی تحقیق پیغام آفاقی کے عنوان پر مکمل کی ہے۔ اردو زبان و ادب کے میدان میں ان کی یہ کامیابی ان کی علمی محنت، تحقیقی دلچسپی اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
سعود عالم کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملنے کے موقع پر بی این منڈل یونیورسٹی، مدھے پورہ میں منعقدہ انٹرویو کے دوران پروفیسر امتیاز انجم، پروفیسر احسان عالم، صدر شعبہ ڈاکٹر سعیدہ بانو، پروفیسر فصیح احمد، پروفیسر امان اللہ خان، ڈاکٹر نظام الدین احمد، ڈاکٹر سجاد اختر، ڈاکٹر نور اشرف، ڈاکٹر شبنم پروین، ریسرچ اسکالر شاہنواز عالم، ریسرچ اسکالر شاہین کوثر سمیت دیگر اساتذہ اور محققین موجود تھے۔سعود عالم کی اس علمی کامیابی پر علاقے کی معزز شخصیات اور اہل علم نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مبارک باد پیش کرنے والوں میں خصوصی طور پر حکیم سید شاہ مودود اشرف، سید جہانگیر اشرف، سید ثاقب اشرف، سید غنیمت اشرف، سید کوثر اشرف، مفتی جعفر امام قاسمی، وجیہ احمد تصور اور محمد حسنین کے نام قابل ذکر ہیں۔
مبارک باد دینے والوں نے امید ظاہر کی کہ سعود عالم مستقبل میں بھی اردو زبان و ادب اور تحقیقی میدان میں اپنی علمی خدمات کے ذریعے علاقے اور معاشرے کا نام روشن کریں گے۔ ان کی یہ کامیابی دیگر نوجوانوں کے لیے بھی اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ فراہم کرے گی۔

