جموں میونسپل کارپوریشن نے موتی بازار میں چار دکانوں کو سیل کیا

تاثیر6 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 06 اکتوبر:جموں شہر کے مصروف موتی بازار میں منگل کی صبح چار دکانیں سیل کیے جانے کے بعد تاجروں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ دکاندار جب صبح اپنی دکانیں کھولنے پہنچے تو انہیں دکانوں پر سیل لگی ہوئی ملی، جس کے بعد تاجروں نے احتجاجاً پورا بازار بند کر دیا۔ تاجروں کے مطابق انہیں دکانیں سیل کیے جانے کی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ دکانیں سیل ہونے کی اطلاع ملتے ہی دیگر دکاندار بھی موقع پر جمع ہوگئے اور جموں میونسپل کارپوریشن کی کارروائی کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔ تاجروں نے الزام عائد کیا کہ میونسپل کارپوریشن جان بوجھ کر انہیں پریشان کر رہی ہے اور کاروبار میں رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تہواروں کا سیزن شروع ہونے والا ہے اور ایسے وقت میں دکانیں سیل کیے جانے سے ان کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔
معاملے کی اطلاع ملنے پر مقامی رکن اسمبلی یودھویر سیٹھی بھی موقع پر پہنچے۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کی کارروائی کو نامناسب قرار دیتے ہوئے تاجروں سے بات چیت کی۔