تاثیر11 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بگھا، 11 اکتوبر:مغربی چمپارن ضلع کے بگھاپولیس ضلع کے تحت رام نگر تھانہ علاقے کے کھٹوری گاؤں میں اتوار کے روز کلش یاترا کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے سے دو بچوں کی موت ہوگئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب جل بھر کر واپس لوٹ رہی یاترا میں شامل بچوں کے ہاتھوں میں موجود جھنڈا اوپر سے گزرنے والے بجلی کے تار سے چھو گیا، جس کے نتیجے میں ٹریکٹر ٹرالی میں کرنٹ پھیل گیا۔موصولہ اطلاع کے مطابق دونوں متوفی بچے بھیروگنج تھانہ علاقے کے سرساؤ گاؤں کے رہنے والے تھے۔ ماں درگا کی پوجا کے لیے نکالی گئی کلش یاترا میں شامل افراد جل بھری کی رسم مکمل کرنے کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔ اسی دوران جھنڈے کے بجلی کے تار سے چھو جانے کے باعث دونوں بچے شدید طور پر جھلس گئے۔حادثے کے بعد مقامی لوگوں کی مدد سے دونوں بچوں کو فوری طور پر رام نگر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی متوفی بچوں کے اہل خانہ اور گاؤں والوں میں کہرام مچ گیا۔ اس حادثے سے علاقے میں غم و اندوہ کی فضا پھیل گئی۔

