پٹیالہ میں اینٹی بایوٹک ادویات کے درست استعمال سے متعلق بیداری ریلی کا انعقاد

تاثیر11 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹیالہ، 11 اکتوبر: نئی دہلی کی فارمیسی کونسل آف انڈیا کے تعاون اور موہالی کی پنجاب فارمیسی کونسل کے زیر اہتمام عالمی یومِ فارماسسٹ اور قومی فارمیسی ہفتہ 2026 کی ریاستی سطح کی تقریب پٹیالہ کی پنجابی یونیورسٹی میں منعقد ہوئی۔ پنجاب میں پہلی بار منعقد ہونے والے اس پروگرام کا بنیادی مقصد ’صحت مند ہندوستان: اینٹی مائیکروبیل مزاحمت (اے ایم آر) کا مقابلہ‘ مہم کے تحت عوام میں بیداری پیدا کرنا اور اینٹی بایوٹک ادویات کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا تھا۔
اس پروگرام میں پنجاب کے تقریباً 110 فارمیسی کالجوں سے 2 ہزار سے زائد فارمیسی ماہرین، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر تقریباً 1500 شرکا نے بیداری ریلی میں حصہ لے کر اینٹی بایوٹک ادویات کے مناسب استعمال اور اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کی روک تھام کا پیغام دیا۔ تقریب کے دوران افتتاحی اجلاس، ماہرین کے پینل مباحثے، فارما کوئز، سائنسی کارٹون(سائٹون)، پوسٹر، پمفلٹ اور نکڑ ناٹک کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے۔فارمیسی کونسل آف انڈیا کے صدر ڈاکٹر مونٹو کمار ایم پٹیل تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ انہوں نے دور دراز علاقوں سے طویل سفر کرکے پروگرام میں پہنچنے والے طلبہ کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ فارمیسی کے شعبے کو مضبوط بنانے میں تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔