تاثیر21 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سیوان، 21 نومبر:بہار کے سیوان ضلع میں درگا پوجا، دیوالی اور چھٹھ تہوار کے دوران دوسرے صوبوں سے گھر لوٹنے والے مزدوروں اور دیگر حساس گروہوں کی صحت کے تحفظ کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے خصوصی جانچ مہم چلائی گئی۔ اس مہم کے تحت ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹینڈوں پر لگائے گئے کیمپوں میں مجموعی طور پر 2579 افراد کی ایچ آئی وی اور سِفلس کی جانچ کی گئی، جس میں 9 افراد میں ایچ آئی وی اور 2 افراد میں سِفلس کی ابتدائی علامات پائی گئں۔ محکمہ صحت کے مطابق 26 اکتوبر سے 20 نومبر تک ضلع کے مختلف ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹینڈوں پر تقریباً 17 خصوصی مربوط طبی کیمپ لگائے گئے۔ ان کیمپوں میں مسافروں، مہاجر مزدوروں اور دیگر مستحق افراد کی اسکریننگ کی گئی۔
جانچ میں ری ایکٹیو پائے گئے تمام افراد کو تصدیقی جانچ کے لیے صدر اسپتال میں واقع سمپورن سرکشا کیندر بلایا گیا ہے۔ وہیں دوسرے اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنے آبائی ضلع کے سمپورن سرکشا کیندر میں مزید جانچ کرانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اضلاع کے محکمہ صحت کو بھی اطلاع فراہم کردی گئی ہے، تاکہ ان کی مزید جانچ اور ضروری طبی سہولیات یقینی بنائی جاسکیں۔
واضح رہے کہ بہار اسٹیٹ ایڈز کنٹرول کمیٹی، پٹنہ کی ہدایت پر ان کیمپوں کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس مہم کا بنیادی مقصد مہاجر مزدوروں اور دیگر حساس طبقات تک صحت کی سہولیات پہنچانا اور بیماریوں کی بروقت شناخت کرنا تھا۔کیمپوں میں ایچ ا?ئی وی اور سِفلس کی جانچ کے علاوہ تپ دق (ٹی بی)، ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس کی اسکریننگ بھی کی گئی۔ اس کے ساتھ ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق ضروری ادویات بھی فراہم کی گئیں۔

