تاثیر7 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں،07 نومبر:جموں و کشمیر حکومت نے نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) کے تحت کام کرنے والے اہل کنٹریکچول ملازمین کے لیے 5 فیصد سالانہ انکریمنٹ منظور کر لیا ہے۔ یہ اضافہ مالی سال 2026-27 کے لیے نافذ العمل ہوگا۔ وزیر صحت سکینہ ایتو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ این ایچ ایم ملازمین کی خدمات اور شعبہ صحت میں ان کے اہم کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ کی قیادت میں حکومت صحت ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے پُرعزم ہے۔
این ایچ ایم کے مشن ڈائریکٹر اطہرعامرخان کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق اس اضافے کا فائدہ ریاستی، ڈویژنل، ضلعی اور بلاک سطح پر تعینات اہل کنٹریکچول ملازمین کو ملے گا۔ اس میں نیشنل اربن ہیلتھ مشن (این یو ایچ ایم) اور مختلف بیماریوں کی روک تھام کے پروگراموں کے تحت کام کرنے والے ملازمین بھی شامل ہیں۔ تاہم انکریمنٹ کے لیے تسلی بخش کارکردگی اور مقررہ رہنما اصولوں پر پورا اترنا ضروری ہوگا۔

