تاثیر25 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھاگلپور، 25 نومبر: شہر کے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور وکرم شیلا پل کے رابطہ راستے پر لگنے والے شدید جام سے مستقل نجات دلانے کی سمت میں ایک بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ بھاگلپور کے زیرو مائل سے زیر تعمیر وکرم شیلا سمانترن فور لین پل تک ایلیویٹڈ سڑک بنانے کے منصوبے کو رفتار مل گئی ہے۔
قومی شاہراہ محکمہ نے ڈرون سروے کے بعد اس منصوبے کی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) تیار کر لی ہے۔ اس منصوبے کو سال 2029 میں متوازی پل کی تعمیر کے ساتھ ہی مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
محکمہ کی معلومات کے مطابق قومی شاہراہ 131 بی کے تحت تیار کی گئی ڈی پی آر کو اب حتمی منظوری کے لیے سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت کے علاقائی دفتر بھیجا جا رہا ہے۔ وزارت سے منظوری ملتے ہی تعمیراتی ایجنسی کے انتخاب کے لیے ٹنڈر جاری کیا جائے گا۔محکمہ کا ہدف ہے کہ اگلے سال جون تک تعمیراتی کام زمینی سطح پر شروع کر دیا جائے، تاکہ مقررہ مدت میں منصوبے کو مکمل کیا جا سکے۔
ایلیویٹڈ سڑک کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد بھاگلپور اور نوگچھیا کے درمیان آمد و رفت انتہائی آسان ہو جائے گی۔ پرانے وکرم شیلا پل کی دو لین اور نئے سمانترن پل کی چار لین کے رابطہ راستوں کو ا?پس میں جوڑنے سے زیرو مائل سے جانہوی چوک تک چھ لین والی سڑک کی براہ راست سہولت دستیاب ہو سکے گی۔

