تاثیر2 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 2 نومبر: بھارت اور یورپی یونین (ای یو) کے درمیان برسلز میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے دوران آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے)پر عمل درآمد، کسٹم کارروائیوں کو آسان بنانے اور بازار تک رسائی بڑھانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس معاہدے پر دسمبر میں دستخط کیے جانے ہیں۔
کامرس سکریٹری راجیش اگروال نے گزشتہ ہفتے برسلز کے دورے کے دوران یورپی کمیشن کے تجارت و اقتصادی سلامتی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی ٹریڈ) کی ڈائریکٹر جنرل ڈٹے جول جورگنس، بین الاقوامی شراکت داری کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کے کوئن ڈوئنس اور ٹیکسیشن و کسٹم یونین کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کے گیراسموس تھامس سے ملاقات کی۔ان ملاقاتوں میں کسٹم تعاون، تجارت کو آسان بنانے اور بھارت-یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے پر عمل درآمد کی تیاریوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔وزارت تجارت کے مطابق، دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کاروباری اداروں کی مدد، لین دین کی لاگت میں کمی اور قانونی تجارت کی بلارکاوٹ نقل و حرکت یقینی بنانے کے لیے مؤثر، شفاف اور ڈیجیٹل سہولیات سے لیس کسٹم نظام ضروری ہے۔
دونوں فریقوں نے 27 جنوری کو اس تجارتی معاہدے کے لیے مذاکرات مکمل ہونے کا اعلان کیا تھا۔ اس معاہدے سے چمڑے، ٹیکسٹائل اور جواہرات و زیورات جیسے بھارت کے محنت پر مبنی شعبوں کو ڈیوٹی سے پاک بازار تک رسائی حاصل ہوگی۔اس دورے کے دوران کامرس سکریٹری نے ہیرے کی صنعت سے وابستہ نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔ ان میں بیلجیم کے شہر اینٹورپ کے ہیرے کے کاروبار سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔

