تاثیر21 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ویلنگٹن، 21 نومبر:ہندوستانی ٹیم کے سلامی بلے باز کے ایل راہل نے نیوزی لینڈ میں اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری کا سہرا چھ سے سات ماہ کی محنت اور تیاریوں کو دیا ہے۔ انہوں نے ویلنگٹن ٹیسٹ کے تیسرے دن 136 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس کے ساتھ ہی وہ جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں ٹیسٹ سنچری بنانے والے دوسرے ایشیائی اوپنر بن گئے۔ ان سے پہلے پاکستان کے سعید انور یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔راہل نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے حالات ہمیشہ بلے بازوں کے لیے مشکل رہے ہیں، اسی لیے وہ یہاں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ چھ سے سات ماہ سے اس دورے کی تیاری کر رہے تھے اور یہاں کامیاب ہونے والے بلے بازوں، خاص طور پر جو روٹ اور ہیری بروک کی ویڈیوز دیکھ کر اپنی حکمت عملی تیار کی۔

