تاثیر23 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
متھرا، 23 نومبر: مدھیہ پردیش سے درشن کے لیے متھرا آ رہے عقیدت مندوں کی کار دہلی-آگرہ قومی شاہراہ (این ایچ-19) پر کھڑے ایک ٹرک سے پیچھے سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں دو خواتین اور دو معصوم بچوں سمیت مجموعی طور پر چار افراد کی موت ہو گئی، جبکہ پانچ دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثے میں ہونے والی جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے افسران کو زخمیوں کے بہتر علاج کے انتظامات کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شلوک کمار نے بتایا کہ مدھیہ پردیش کے بھنڈ ضلع سے ایک ہی خاندان کے نو افراد سوئفٹ کار میں سوار ہو کر ورنداون درشن کے لیے آ رہے تھے۔
متھرا ضلع کے جینت تھانہ علاقے میں چھٹی کرا پل اور رام دھرم کانٹا کے قریب قومی شاہراہ پر تیز رفتار ہونے کی وجہ سے ڈرائیور کار پر قابو نہیں رکھ سکا اور گاڑی سڑک کے کنارے کھڑے ٹرک سے جا ٹکرائی۔
ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کا اگلا حصہ پوری طرح تباہ ہو گیا اور تمام مسافر گاڑی کے اندر پھنس گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور جینت تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ کافی مشقت کے بعد کار کے حصوں کو کاٹ کر اندر پھنسے لوگوں کو باہر نکالا گیا۔

