رشوت لیتے ہوئے گوالپوکھر تھانے کا سب انسپکٹر رنگے ہاتھوں گرفتار، علاقے میں سنسنی

تاثیر22 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

اسلام پور، 22/ نومبر (فیضان اشرف) دس ہزار روپے رشوت لینے کے الزام میں ریاستی انسدادِ بدعنوانی شاخ (اینٹی کرپشن بیورو) نے ایک سب انسپکٹر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے۔ گرفتار پولیس افسر کی شناخت ریمن لوہار کے طور پر ہوئی ہے، جو اتر دیناج پور ضلع کے گوال پوکھر تھانے میں تعینات تھے۔ پولیس اہلکار کی مبینہ بدعنوانی کا معاملہ سامنے آنے کے بعد گوال پوکھر سمیت پورے اسلام پور پولیس ضلع میں سنسنی پھیل گئی ہے۔
پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق گوال پوکھر تھانہ علاقے کے ایک باشندے کا طویل عرصے سے زمین سے متعلق تنازع چل رہا تھا۔ اس معاملے میں انصاف کی امید اور ملزمین کے خلاف قانونی کارروائی کے مطالبے کے ساتھ انہوں نے چند روز قبل گوال پوکھر تھانے میں تحریری شکایت درج کرائی تھی۔ اس معاملے کی تفتیش کی ذمہ داری سب انسپکٹر ریمن لوہار کو سونپی گئی تھی۔
الزام ہے کہ تفتیش شروع کرنے کے بجائے مذکورہ پولیس افسر نے شکایت کنندہ سے براہِ راست دس ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کیا۔ شکایت کنندہ کے مطابق رقم نہ دینے کی صورت میں ملزمین میں سے کسی کو بھی گرفتار نہ کرنے کی دھمکی دی گئی۔ اتنا ہی نہیں، مبینہ طور پر مختلف طریقوں سے انہیں ڈرا دھمکا کر ذہنی دباؤ بھی بنایا جا رہا تھا۔
تاہم شکایت کنندہ نے پولیس افسر کے اس مبینہ غیر قانونی مطالبے کے سامنے جھکنے کے بجائے خفیہ طور پر ریاستی انسدادِ بدعنوانی شاخ کے افسران سے رابطہ کیا اور پورے معاملے کی تحریری شکایت درج کرائی۔
شکایت موصول ہونے کے بعد انسدادِ بدعنوانی شاخ کے افسران نے معاملے کی حقیقت جاننے اور ملزم پولیس افسر کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کے لیے ایک خصوصی منصوبہ تیار کیا۔ منصوبے کے تحت شکایت کنندہ کو دی جانے والی کرنسی نوٹوں پر فینولفتھلین نامی ایک خاص کیمیائی پاؤڈر لگایا گیا، تاکہ رقم وصول کرنے کے بعد ملزم کے ہاتھ دھلوانے پر رنگ میں تبدیلی کے ذریعے ثبوت حاصل کیے جا سکیں۔
منصوبے کے مطابق ہفتہ کے روز مقررہ وقت پر جیسے ہی سب انسپکٹر ریمن لوہار نے شکایت کنندہ سے دس ہزار روپے رشوت وصول کی، انسدادِ بدعنوانی شاخ کی خصوصی ٹیم نے اچانک کارروائی کرتے ہوئے انہیں موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔
اس واقعے کے بعد گوال پوکھر تھانے کے اندرونی حلقوں اور عام لوگوں میں زبردست ہلچل مچ گئی ہے۔ تاہم اس معاملے پر اسلام پور پولیس ضلع کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈینڈپ شیرپا سے فون پر رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔