جدید اے آئی تحقیق کے لیے گوگل آئی آئی ٹی کھڑگپور کو 50 لاکھ ڈالر دے گا

تاثیر21 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 21 نومبر: دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے جدید مصنوعی ذہانت (اے آئی)کی تحقیق کو فروغ دینے اور اس کی رفتار تیز کرنے کے لیے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کھڑگپور کو 50 لاکھ امریکی ڈالر(تقریباً 46 کروڑ روپے) کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس تعاون کا مقصد نہ صرف جدید اے آئی تحقیق کو آگے بڑھانا ہے بلکہ ہندوستان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئی نسل کے ماہرین اور محققین کو تیار کرنا بھی ہے۔
آئی آئی ٹی کھڑگپور کے 75ویں یوم تاسیس کے موقع پر ادارے کے ڈائریکٹر سمن چکرورتی نے اس مالی تعاون کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ عملی اور جدید اے آئی تحقیق کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے کا منصوبہ ادارے کے سابق طالب علم اور گوگل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) سندر پچائی نے تیار کیا ہے۔
گوگل نے اپنے بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ آئی آئی ٹی کھڑگپور کو پانچ ملین امریکی ڈالر کی مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جس کا مقصد جدید مصنوعی ذہانت کی تحقیق کو فروغ دینا، اس میں تیزی لانا اور ہندوستان کی آئندہ نسل کے سائنسدانوں اور تکنیکی ماہرین کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ہے۔کمپنی کے مطابق اس شراکت داری کے تحت آئی آئی ٹی کھڑگپور کے محققین اور طلبہ کو تین اہم شعبوں میں تعاون فراہم کیا جائے گا۔ ان میں جدید اے آئی تحقیق، تعلیمی مواقع میں توسیع اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں صلاحیتوں کی تعمیر شامل ہیں۔