تاثیر5 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 5 نومبر: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو لوک بھون میں جیل محکمہ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں جموں و کشمیر کی جیلوں میں سیکورٹی اور انتظامی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں لیفٹیننٹ گورنر نے پولیس، جیل محکمہ اور انٹیلی جنس اداروں کے درمیان بہتر تال میل اور معلومات کے بروقت تبادلے کے لیے مربوط نظام قائم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے دہشت گرد نیٹ ورکس، انتہا پسندی اور امن و قانون سے متعلق خطرات سے نمٹنے کے لیے ان اداروں کے درمیان باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرنے پر بھی زور دیا۔
منوج سنہا نے جیلوں اور ان کے اطراف اچانک تلاشی اور معائنے کرنے کے علاوہ ضبط کیے گئے الیکٹرانک آلات کی فارنسک جانچ یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں جیلوں کے اندر خصوصی جیل انٹیلی جنس یونٹس کے قیام، تمام جیلوں میں بایومیٹرک نظام کے نفاذ، قیدیوں کے لیے ٹیلی میڈیسن سہولیات میں توسیع اور جیل محکمہ میں افرادی قوت بڑھانے کے امور پر بھی غور کیا گیا۔

