جنگلی ہاتھی کے حملے میں کسان کی موت سے مقامی لوگ مشتعل

تاثیر26 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

گڑھوا، 26 نومبر: پلامو سے متصل ضلع گڑھوا کے رمکنڈا تھانہ علاقے کے اوپری ٹولہ (پتھلاہی ٹولہ) میں ایک جنگلی ہاتھی نے ایک معمرکسان کو کچل کر ہلاک کردیا۔
کسان صبح سویرے اپنے مویشیوں کو چرانے کے لیے جنگل سے متصل کھیت کی طرف لے جا رہا تھا۔ اندھیرا ہونے کے باعث وہ ہاتھیوں کی نقل و حرکت کا اندازہ نہیں لگا سکا اور حملے کا شکار ہوگیا۔
متوفی کی شناخت اوپری ٹولہ کے رہنے والے 50 سالہ سنتوشی یادو کے طور پر ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد مشتعل دیہاتیوں نے موقع پر پہنچنے والے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کو گھیر لیا۔ انہیں یرغمال بنائے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعرات کی علی الصبح سنتوشی یادو اپنے مویشیوں کو چرانے کے لیے جنگل سے متصل کھیت کی طرف لے جا رہے تھے۔ اسی دوران اچانک جنگل کی جانب سے ہاتھی نکلے اور ان پر حملہ کردیا۔
ہاتھی نے انہیں سونڈ میں لپیٹ کر کئی بار زمین پر پٹخا اور پھر گھسیٹتے ہوئے جنگل کی طرف لے گیا، جہاں انہیں کچل کر ہلاک کردیا۔ بعد میں لاش کو بری طرح مسخ کرکے موقع پر چھوڑ دیا گیا۔