محبوبہ مفتی مسلسل پانچویں مرتبہ پی ڈی پی کی صدر منتخب

تاثیر5 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سری نگر، 5 نومبر:محبوبہ مفتی کو جمعرات کو متفقہ طور پر مسلسل پانچویں مرتبہ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کا صدر منتخب کر لیا گیا۔
پی ڈی پی کے ایک ترجمان نے کہا کہ یہ متفقہ مینڈیٹ ’’پارٹی قیادت، منتخب نمائندوں اور وابستہ کارکنوں کے ان کی قیادت پر اعتماد، بھروسے اور اجتماعی عزم کا عکاس ہے۔‘‘ پارٹی نے اپنی صدر کو مبارکباد پیش کی اور ’’جموں و کشمیر کے لوگوں کی سیاسی امنگوں، وقار اور حقوق کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ‘‘ کیا۔ پارٹی ترجمان نے کہا کہ پارٹی لیڈران اور الیکٹورل کالج کے ارکان تنظیمی انتخابات کے لیے سری نگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر پر جمع ہوئے، جن کا اختتام ان کے دوبارہ انتخاب پر ہوا۔ پارٹی نے اس موقع کو ’’پارٹی قیادت اور کارکنوں کی اجتماعی شرکت اور وابستگی کی عکاسی کرنے والا لمحہ‘‘ قرار دیا۔
صدر کے عہدے کے لیے صرف ایک نام پیش کیا گیا۔ پارٹی کے سینئر لیڈر عبدالرحمان ویری نے محبوبہ مفتی کا نام تجویز کیا اور سینئر لیڈر خورشید عالم نے اس کی تائید کرتے ہوئے ارکان سے متفقہ طور پر حمایت کرنے کی اپیل کی۔ پریزائیڈنگ آفیسر نے دریافت کیا کہ آیا کوئی دوسرا امیدوار انتخاب لڑنا چاہتا ہے، لیکن کوئی دوسرا نام سامنے نہیں آیا۔ اس کے بعد ارکان نے ہاتھ اٹھا کر ان کی امیدواری کی منظوری دی اور تجویز کے کاغذات پر انفرادی طور پر دستخط کیے۔ پارٹی کے مطابق جموں سے الیکٹورل کالج کے ارکان نے آن لائن شرکت کی۔