تاثیر5 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سری نگر، 5 نومبر:برسوں کی تاخیر اور کئی ڈیڈ لائنز گزر جانے کے بعد جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں زیر تعمیر آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) اونتی پورہ سے متعلق جمعرات کو امید کی کرن نظر آئی۔ مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود جے پی نڈا نے کیمپس کا دورہ کر کے تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ جموں و کشمیر کی وزیر صحت سکینہ ایتو کے مطابق کیمپس میں او پی ڈی خدمات بہت جلد شروع ہوں گی۔
ایمس کیمپس میں سرکاری عہدیداروں اور تعمیر سے وابستہ انجینئروں نے نڈا کو کام کی پیش رفت کے بارے میں بریف کیا اور تمام بلاکس کے متعلق جانکاری دی۔ نڈا نے کیمپس کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر سکینہ ایتو اور بی جے پی کے کئی مقامی لیڈر موجود تھے۔
سکینہ ایتو نے بتایا کہ نڈا نے کیمپس کا تفصیلی دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ان کے مطابق مرکزی وزیر نے بتایا کہ اس کیمپس میں ایک سو ایم بی بی ایس طلبہ کو داخلہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ نڈا نے ہدایت دی ہے کہ ایمس کو جلد از جلد شروع کیا جائے۔ وزیر کے مطابق نڈا اس منصوبے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور گزشتہ دو برسوں کے دوران کئی بار یہاں کا دورہ کر چکے ہیں۔

