تاثیر5 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نوئیڈا، 05 نومبر:۔ اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر ضلع کے نوئیڈا میں جیور تھانہ پولیس نے قتل کے ایک معاملے میں مطلوبہ ملزم کو جمعرات کی صبح پولیس انکاؤنٹر کے دوران گرفتار کرلیا۔ پولیس کی جانب سے چلائی گئی گولی اس کی ٹانگ میں لگی۔ اس کے خلاف چوری، جہیز کے لیے قتل اور قتل سمیت 11 مقدمات پہلے سے درج ہیں۔
پولیس کمشنر کے میڈیا انچارج سبودھ کمار نے بتایا کہ جمعرات کی صبح جیور تھانہ پولیس ملزمین کی تلاش میں بیریئر لگا کر چیکنگ کر رہی تھی۔ اسی دوران حسن پور کی جانب جانے والی سڑک پر ایک شخص پیدل آتا دکھائی دیا۔ پولیس نے اسے رکنے کا اشارہ کیا تو وہ بھاگنے لگا۔ شبہ ہونے پر پولیس نے اس کا تعاقب کیا اور اسے گھیر لیا۔ خود کو پولیس کے گھیرے میں دیکھ کر ملزم نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی میں پولیس نے بھی گولی چلائی۔

