کنہیا کی موت پر عوامی غم و غصہ بھڑکا، تیسرے ملزم کی گرفتاری کے مطالبے پر چھ گھنٹے بائی پاس جام

تاثیر27 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفٰی) سمری تھانہ علاقے کے سڑھواڑہ گاؤں میں پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کے واقعے میں شدید طور پر جھلسے 18 سالہ کرش کمار شرما عرف کنہیا کی علاج کے دوران موت کے بعد جمعہ کو مقامی لوگوں کا غصہ پھوٹ پڑا۔ جمعرات کی دیر رات پوسٹ مارٹم کے بعد لاش گاؤں پہنچتے ہی ماحول غمگین ہوگیا۔ جمعہ کی صبح تقریباً 7:30 بجے اہل خانہ اور مقامی لوگوں نے اتر بیل-بشن پور بائی پاس سڑک کے سڑھواڑہ چوک پر لاش رکھ کر بانس بلّا لگا کر سڑک جام کردی۔ تیسرے نامزد ملزم کی گرفتاری اور پولیس کی مبینہ لاپروائی کے خلاف کارروائی کے مطالبے کو لے کر لوگ تقریباً چھ گھنٹے تک سڑک پر ڈٹے رہے۔ دوپہر تقریباً 1:30 بجے صدر ایس ڈی پی او-2 ایس کے سمن کی یقین دہانی کے بعد جام ختم ہوا۔ اس دوران سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔اس معاملے میں پولیس جمعرات کو ہی دو ملزمین سڑھواڑہ باشندہ رام ورکش داس کے بیٹے چندن کمار اور بالیشور چودھری کے بیٹے نیپالی عرف روی کو گرفتار کرکے عدالتی حراست میں جیل بھیج چکی تھی۔ جبکہ تیسرے نامزد ملزم پلکت سہنی کے بیٹے بلرام سہنی کی گرفتاری نہیں ہونے سے اہل خانہ اور مقامی لوگ ناراض تھے۔متوفی کے چچا نیرج ٹھاکر نے الزام لگایا کہ واقعے کے بعد سے ملزمین گاؤں میں کھلے عام گھوم رہے تھے، لیکن پولیس نے گرفتاری میں مستعدی نہیں دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے ملزم کی گرفتاری تک اہل خانہ کی جدوجہد جاری رہے گی۔جام کی اطلاع پر تقریباً ایک گھنٹے بعد سمری تھانہ صدر اروند کمار پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ پولیس کے پہنچتے ہی مقامی لوگوں نے نعرے بازی شروع کردی۔ حالات بگڑتے دیکھ کر سنگھواڑہ، مبّی، مورو اور بشن پور تھانوں کی پولیس کے علاوہ ضلع ہیڈکوارٹر سے کیو آر ٹی کی ٹیم بھی طلب کی گئی۔اس دوران مشتعل لوگوں نے  موقع پر کھڑی سمری تھانہ کی گشتی گاڑی اور 112 نمبر کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ دونوں گاڑیوں کے سائیڈ مرر ٹوٹ گئے۔ گاڑیوں پر پتھراؤ کیے جانے کی بھی بات سامنے آئی۔ بعد میں پولیس نے دونوں گاڑیوں کو وہاں سے ہٹوا دیا۔ تاہم صدر ایس ڈی پی او-2 ایس کے سمن نے پولیس گاڑیوں پر حملے اور پتھراؤ کے واقعے سے انکار کیا۔ادھر مقامی لوگوں نے پنچایت کے عوامی نمائندوں کے خلاف بھی نعرے بازی کی۔