سیوان کے معصوم بچوں کا قتل بہار کے لیے شرمناک، قاتلوں کے ساتھ مدرسہ انتظامیہ کی جوابدہی بھی طے ہو: نظرعالم

تاثیر27 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضاامام): سیوان ضلع کے بڑہریا تھانہ حلقہ کے تیتہلی بازار واقع دارالعلوم فیضانِ وارث مدرسہ کے دو طالب علم زید شہیدی اور اشرف علی کے قتل کے معاملے میں آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے قومی صدر نظرعالم نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ دونوں بچوں کی لاشیں گوپال گنج ضلع کے تھاوے تھانہ حلقہ کے الگ الگ مقامات سے برآمد ہوئی تھیں۔ زید سیوان کے بنیا ٹولی اور اشرف بڑہریا کے پرانی بازار کا رہنے والا تھا۔نظرعالم نے کہا کہ آخر بہار کو کس کی نظر لگ گئی ہے کہ گنے کے ایک معمولی تنازعے میں معصوم بچوں کا بے رحمی سے قتل کر دیا گیا؟ آخر نفرت اس قدر کیسے بڑھ گئی کہ بچوں کی جان لینے میں بھی لوگوں کے ہاتھ نہیں کانپے؟ بہار کی سرزمین کبھی ایسی نفرت اور درندگی کے لیے نہیں جانی جاتی تھی۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری سے مطالبہ کیا کہ دونوں بچوں کے قتل میں ملوث تمام ملزمین کے خلاف بی این ایس کی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے فوری گرفتاری کی جائے۔ اس معاملے میں اسپیڈی ٹرائل چلا کر قصورواروں کو قانون کے مطابق پھانسی کی سزا تک پہنچایا جائے۔نظرعالم نے مدرسہ انتظامیہ اور مولویوں کی جوابدہی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں سے تعلیم کے علاوہ چندہ وصولی اور دیگر غیر تعلیمی کام کیوں کروائے جاتے ہیں؟ بچوں کو ایسے کاموں کے لیے باہر بھیجنے سے پہلے ان کی حفاظت کی ذمہ داری کون لیتا ہے؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مجرموں کے ساتھ ساتھ مدرسہ انتظامیہ کے کردار اور لاپروائی کی بھی غیر جانبدارانہ جانچ ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کا حق تعلیم اور تحفظ ہے، نہ کہ انہیں خطرات سے بھرے کاموں میں لگانا۔ اب حکومت کو ایسی وارداتوں کی روک تھام اور قصورواروں کو سخت سزا دلانے کے لیے ٹھوس اور مؤثر کارروائی کرنی ہوگی۔