تاثیر5 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھاگلپور، 5 نومبر : بہار میں سیلاب اور دریاوں کے کٹاؤ کی تباہ کاریوں سے خاصی آبادی متاثر ہوتی ہے۔ ہر برس اسی طرح کے حالات کا سامنا کرنے والے بھاگلپور ضلع کے لوگوں کے لیے مرکزی اور ریاستی حکومت کے درمیان ہونے والا نیا معاہدہ امید کی نئی کرن بن کر سامنے آیا ہے۔ مرکزی وزارت برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہ اور بہار حکومت کے درمیان ’ندی سنجیونی‘ پروگرام کے تحت ہوئے معاہدے کے مطابق گنگا ندی سے سائنسی طریقے سے بڑی مقدار میں گاد نکالی جائے گی اور اسے علاقے میں زیر تعمیر اہم قومی شاہراہوں کے فورلین منصوبوں میں مٹی کی جگہ استعمال کیا جائے گا۔
واضح ہو کہ گنگا میں مسلسل گاد جمع ہونے کے باعث بھاگلپور اور نوگچھیا کے علاقوں میں ہر سال شدید کٹاؤ اور سیلاب کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس سے لاکھوں لوگوں کی زندگی متاثر ہوتی ہے۔ اب گاد نکالنے کے منصوبے سے ان علاقوں کو مستقل راحت ملنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ آبی وسائل کے ماہرین کے مطابق بکسر اور پٹنہ کے مقابلے بھاگلپور اور کٹیہار پہنچتے پہنچتے گنگا میں گاد جمع ہونے سے ندی کی چوڑائی بڑھ کر 38 سے 40 کلومیٹر تک ہو جاتی ہے۔ گاد کی وجہ سے ندی کی گہرائی کم ہو جاتی ہے اور پانی کا قدرتی بہاؤ متاثر ہوتا ہے۔ نتیجتاً ندی اپنا راستہ بدلنے لگتی ہے اور کناروں پر شدید کٹاؤ شروع ہو جاتا ہے۔

