تاثیر5 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ہاتھرس، 5 نومبر: اترپردیش کے ہاتھرس ضلع کے سعدآباد قصبے کے محلہ کہاران میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً دو بجے ایک مکان میں اچانک شدید آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے مکان کو اپنی زد میں لے لیا۔ اس حادثے میں گھر کے اندر سو رہے 70 سالہ شہزاد اور ان کی 65 سالہ اہلیہ سلمیٰ بیگم کی جھلس کر موت ہوگئی۔ حادثے کے وقت میاں بیوی کا چھوٹا بیٹا شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے گیا ہوا تھا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق شہزاد پیشے سے درزی تھے اور اپنی اہلیہ اور چھوٹے بیٹے کے ساتھ مکان میں رہتے تھے۔ بدھ کی رات کھانا کھانے کے بعد بزرگ میاں بیوی سو گئے تھے۔ اسی دوران اچانک مکان میں آگ بھڑک اٹھی۔ رات کا وقت ہونے کے باعث آس پاس کے لوگوں کو جب تک واقعے کی اطلاع ملی، تب تک آگ شدت اختیار کر چکی تھی۔ شعلوں نے پورے مکان کو گھیر لیا، جس کی وجہ سے میاں بیوی کو باہر نکلنے کا موقع بھی نہیں مل سکا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ اس کے بعد راحت اور بچاؤ ٹیم نے مکان کے اندر تلاشی لی، جہاں دونوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔

