دیہی علاقوں میں چارے کی پیداوار اور مویشی پروری کے فروغ کے لیے مرکز کی نئی پہل

تاثیر5 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 05 نومبر: مرکزی حکومت نے ملک کے دیہی علاقوں میں چارے کی کمی دور کرنے، مویشیوں سے متعلق بنیادی سہولتوں کو مضبوط بنانے اور دیہی روزگار و معاش کو بہتر بنانے کے مقصد سے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ مرکزی وزارت دیہی ترقی کے محکمہ دیہی ترقی (ڈی او آر ڈی) اور وزارت ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری کے محکمہ مویشی پروری و ڈیری (ڈی اے ایچ ڈی) نے مشترکہ طور پر تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیے مشاورتی ہدایات جاری کی ہیں۔
وزارت کے مطابق ان ہدایات پر ’وکست بھارت-گارنٹی فارروزگاراینڈ اجیویکا (دیہی)‘ یعنی وی بی-جی رام جی ایکٹ، 2025 کے تحت مختلف محکموں کے درمیان تال میل کے ذریعے عمل درآمد کیا جائے گا۔ یکم جولائی 2026 سے نافذ اس قانون کے تحت ہر دیہی خاندان کو سالانہ 125 دن کے اجرتی روزگار کی قانونی ضمانت دی گئی ہے۔ اب اس اسکیم کو مویشی پروری اور ڈیری کے شعبے کی ضروریات سے بھی جوڑ دیا گیا ہے۔