شرد پوار جسم میں پانی کی کمی کے باعث بریچ کینڈی اسپتال میں داخل

تاثیر26 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 26 نومبر: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شرد چندر پوار کے سربراہ اور سابق مرکزی وزیر شرد پوار کو جسم میں پانی کی کمی کے باعث جمعرات کو ایک مرتبہ پھر ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ 85 سالہ سینئر سیاسی لیڈر کو رواں ماہ تیسری مرتبہ اسپتال میں داخل کرانے کی ضرورت پیش آئی ہے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شرد پوار گروپ کی لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بظاہر جسم میں پانی کی کمی کے باعث انہیں اسپتال میں داخل کرایا جارہا ہے۔
سپریا سولے نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ہم بابا کو بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرارہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ان کے جسم میں پانی کی کمی ہوگئی ہے۔ انہیں اپنی مصروفیات کم کرنے اور سفر محدود کرنے کی ضرورت ہے، لیکن بابا ہماری بات نہیں سنتے۔ انہیں اپنے کام سے بہت زیادہ لگاؤ ہے۔ انہوں نے شرد پوار کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرنے اور نیک خواہشات پیش کرنے والے تمام لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔