سپریا سولے وزیر اعلیٰ بنیں تو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کروں گا : سنجے راوت

تاثیر26 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 26 نومبر: مہاراشٹر کی مہایوتی حکومت میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شرد پوار گروپ کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے کو وزیر اعلیٰ بنائے جانے سے متعلق سیاسی قیاس آرائیوں کے درمیان شیوسینا یو بی ٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہا ہے کہ اگر سولے ریاست کی وزیر اعلیٰ بنتی ہیں تو وہ ان کی حلف برداری کی تقریب میں ضرور شرکت کریں گے۔ جمعرات کو اس سلسلے میں پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے راوت نے طنزیہ انداز میں کہا کہ سپریا سولے ان کے خاندان کی رکن ہیں اور اگر 12 سال سے جاری ان قیاس آرائیوں کے بعد وہ وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھاتی ہیں تو انہیں خوشی ہوگی۔ وہ خود حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوکر ان کا استقبال کریں گے۔
دوسری جانب سپریا سولے نے بدھ کو کراڈ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران اپنے وزیر اعلیٰ بننے سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ 12 برسوں سے ان کی حلف برداری کے بارے میں باتیں ہورہی ہیں۔ سنجے راوت نے سولے کے اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بدھ کو ان کا بیان دیکھا تھا، جس میں انہوں نے وزیر اعلیٰ بنائے جانے سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کیا ہے۔ راوت نے کہا کہ اگر بھارتیہ جنتا پارٹی ارکان اسمبلی کی انتہائی کم تعداد کے باوجود سولے کو وزیر اعلیٰ بناتی ہے تو یہ بڑی خوشی کی بات ہوگی کہ مہاراشٹر کو پہلی خاتون وزیر اعلیٰ ملے گی۔