سکھ گروؤں نے مذہب کی خاطر قربانیاں دیں، ظالموں کے سامنے سر نہیں جھکایا: یوگی آدتیہ ناتھ

تاثیر24 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 24 نومبر: سکھ پنتھ کے بانی اور پہلے گرو، شری گرو نانک دیو جی مہاراج کے 557ویں پرکاش پرو (یومِ ولادت) کے موقع پر منگل کو لکھنؤ کے ڈی اے وی پی جی کالج میں منعقدہ تقریب میں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو گرو نانک دیو کی تصویر اور سروپا پیش کرکے اعزاز سے نوازا گیا۔
شری گرو نانک دیو جی مہاراج کے پرکاش پرو کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ سکھ گرووں کی مقدس تعلیمات کو اپنی زندگی میں اپنائیں اور ان کی قربانیوں اور خدمات سے نئی نسل کو مسلسل واقف کراتے رہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب تک بھارت کے عوام سکھ گرووں کے تئیں عقیدت اور احترام کا جذبہ برقرار رکھیں گے، دنیا کی کوئی طاقت بھارت کا کچھ نہیں بگاڑ سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی روحانیت وہی ہے جو ظلم اور ناانصافی کا پوری قوت سے مقابلہ کرنے کا حوصلہ دے۔