تاثیر4 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
امراوتی، 4 نومبر: مہاراشٹر کے امراوتی ضلع و سیشن عدالت اور ضلع قانونی خدمات اتھارٹی کی عمارتوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی کے معاملے کی تحقیقات انسداد دہشت گردی دستے (اے ٹی ایس) کے سپرد کردی گئی ہیں۔ اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے ریاستی اور قومی سطح کی تفتیشی ایجنسیاں سرگرم ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دھمکی آمیز ای میل خالصتان سے جنریٹ کی گئی تھی۔ تفتیشی ادارے ای میل میں درج مختلف ناموں کی بھی تصدیق کررہے ہیں۔ تحقیقات اعلیٰ ریاستی افسران کی نگرانی میں انتہائی رازداری کے ساتھ جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق ضلع و سیشن عدالت کے سپرنٹنڈنٹ سدھیر کے امبلکر کی شکایت پر گاڈگے نگر پولیس اسٹیشن میں نامعلوم ای میل بھیجنے والے کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ شکایت میں بتایا گیا کہ 2 نومبر کو دوپہر 12 بجے اسمتھ جانسن 6889 نامی ای میل آئی ڈی سے دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا تھا۔ اس میں دوپہر 3 بج کر 11 منٹ پر آئی ای ڈی بم کے ذریعے امراوتی ضلع و سیشن عدالت اور ضلع قانونی خدمات اتھارٹی کی عمارتوں کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ پیغام میں دھماکے کا مخصوص وقت درج ہونے کے باعث پولیس انتظامیہ نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری حفاظتی اقدامات شروع کیے۔

