تاثیر7 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 7 نومبر:۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اتر پردیش حکومت نے ریاستی ملازمین کو دیوالی کے موقع پر بڑا تحفہ دیا ہے۔ ریاستی حکومت نے سرکاری ملازمین، امداد یافتہ تعلیمی اور تکنیکی تعلیمی اداروں، شہری بلدیاتی اداروں کے مستقل اور کل وقتی ملازمین، ورک چارجڈ ملازمین اور یو جی سی تنخواہ کے پیمانے پر کام کرنے والے عہدیداروں کے مہنگائی بھتے (ڈی اے) میں 5 فیصد اضافہ کردیا ہے۔
اب ملازمین کو 58 فیصد کے بجائے 63 فیصد مہنگائی بھتہ ملے گا۔ مہنگائی بھتے کی نئی شرح یکم جولائی 2026 سے نافذ ہوگی۔ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے ہفتہ کے روز حکم نامہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
بڑھے ہوئے مہنگائی بھتے کی ادائیگی نومبر 2026 کی معمول کی تنخواہ کے ساتھ کی جائے گی۔ حکومت کے اس فیصلے سے ریاست کے لاکھوں ملازمین کو فائدہ پہنچے گا۔ یوگی حکومت کا یہ فیصلہ مستقل سرکاری ملازمین کے ساتھ امداد یافتہ تعلیمی اداروں، شہری بلدیاتی اداروں اور دیگر اہل ملازمین کے لیے بھی راحت کا باعث ہوگا۔

