Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 19th Jan.
امارت شرعیہ کی جانب سے چلہا دلاور پور میں کمبل تقسیم کیا گیا۔ منورجمال
دربھنگہ(فضا امام) 19 جنوری:۔امارت شرعیہ نے اپنے قیام سے اب تک ہر زمانہ میں ملک وملت کی خدمت کی ہے اور وقت وحالات کے مطابق مسلمانوں کی فلاح و بہبود کا کام کیا ہے، آفات ارضی و سماوی کے موقع پر ملت کی امداد کا بڑا کام کیا ہے، سردی کے موسم میں گرم کپڑے اور کمبل کے تقسیم کا کام بھی بڑے پیمانے پر ہوتا ہے،اس سال بھی حضرت امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی ہدایت پر مختلف علاقوں میں گرم کپڑے اور کمبل تقسیم کئے گئے گزشتہ کل دربھنگہ کے بہیری بلاک کے چلہا دلاور پور رجکھا وغیرہ میں دار القضاء امارت شرعیہ مہدولی دربھنگہ کے قاضی شریعت مفتی ارشد علی رحمانی نے کمبل تقسیم کروایا، اس موقع پر قاضی شریعت نے کہا کہ محتاجوں،غریبوں ، یتیموں اور ضرورت مندوں کی مدد، معاونت ، حاجت روائی اور دلجوئی کرنا دین اسلام کا بنیادی درس ہے ۔ دوسروں کی مدد کرنے،ان کے ساتھ تعاون کرنے، ان کے لیے روزمرہ کی ضرورت کی اشیاءفراہم کرنے کو دین اسلام نے کار ثواب اور اپنے ربّ کو راضی کرنے کانسخہ بتایاہے ۔ خالق کائنات اللہ ربّ العزت نے امیروں کو اپنے مال میں سے غریبوں کو دینے کا حکم دیا ہے ، صاحب استطاعت پر واجب ہے کہ وہ مستحقین کی مقدور بھر مددکرے۔قاضی صاحب نے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بھائیوں کی مدد کے لئے آگے آئیں اور بذات خود یا دار القضاء امارت شرعیہ کے توسط سے ضرورت مندوں کی مدد کریں، انہوں نے ایڈووکیٹ حافظ ضیاء اللہ ڈاکٹر محمد جہانگیر عادل مولانا نوشاد عالم اشاعتی اور ابوذر سلفی وغیرہ کا شکریہ بھی ادا کیا کہ ان کے توسط سے یہ کام ہوا۔تنظیم امارت شرعیہ بہیڑی بلاک کے سکریٹری منور جمال نے کہا کہ پہلی بار امارت شرعیہ کی طرف سے ہمارے علاقے میں کمبل تقسیم کیا گیا ہے لوگ امارت شرعیہ کے اس کام سے بہت خوش ہیں اور امیر شریعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں دعادے رہے ہیں۔مفتی سراج قاسمی امام وخطیب چلہا دلاور پور نے بھی ذمہ داران امارت شرعیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید توجہات کی گزارش کی اور لوگوں سے امارت شرعیہ سے اپنا رشتہ مضبوط کرنے کی اپیل کی۔