اردو یونیورسٹی کیمپس میں سلور جوبلی گیٹ کا پروفیسر عین الحسن کے ہاتھوں افتتاح

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 20th March

حیدرآباد، 20؍ مارچ (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے دوسرے باب الداخلہ ’’سلور جوبلی گیٹ‘‘ کا پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر کے ہاتھوں آج افتتاح عمل میں آیا۔ حیدرآباد آئی ٹی مرکز کے طور پر ابھرنے والی گچی بائولی کے علاقے میں اب تک یونیورسٹی کو پہنچنے کے لیے ’’بابِ علم‘‘ ہی واحد راستہ تھا جو اصل شاہراہ سے تقریباً ایک کیلومیٹر کے فاصلہ پر ہے۔ لیکن اس دوسرے گیٹ کے باعث خواجہ گوڑہ کے راستے آنے والوں کے لیے سہولت ہوگی۔ اس کے علاوہ ایئرپورٹ جانے والے افراد کو بھی اس گیٹ کے باعث وقت اور مسافت میں کمی آئے گی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پروفیسر عین الحسن نے مانو برادری کو اس نئی سہولت پر مبارکباد دی اور مختلف کمیٹیوں کے ذمہ داروں کی کاوشوں کی ستائش کی جنہوں نے اس گیٹ کی تعمیر کے لیے اپنے ذرین مشوروں سے نوازا۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی میں مزید گیٹ کھولے جائیں تاکہ یونیورسٹی سے جڑے لوگوں کو فائدہ ہو اور یونیورسٹی کیمپس کو مزید خوبصورت بنایا جاسکے۔ انہوں نے خصوصی طور پر جناب ممتاز علی، چانسلر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایک اور گیٹ کی تعمیر کے معاملے میں رہنمائی کی۔ پروفیسر عین الحسن نے اعتراف کیا کہ یہ آسان کام نہیں تھا۔
پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار نے کہا کہ ہمیں صرف ایک گیٹ سے کافی مشکل درپیش تھی۔ لیکن اس گیٹ کے کھلنے سے سبھی کو فائدہ ہوگا۔
سلور جوبلی گیٹ کمیٹی کے اراکین پروفیسر سنیم فاطمہ، چیئرمین کیمپس رینوویشن کمیٹی؛ پروفیسر شکیل احمد، صدر نشین سلور جوبلی گیٹ کمیٹی نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر محمد فریاد، کنوینر کمیٹی نے کارروائی چلائی۔ محمد فیضان ، صدر طلبہ یونین نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر محترمہ عرشیہ حسن (بیگم پروفیسر عین الحسن)، پروفیسر شگفتہ شاہین، او ایس ڈی I؛ پروفیسر صدیقی محمد محمود، او ایس ڈی II؛ جناب ناگیشور ریڈی، ایگزیکیٹو انجینئر کے علاوہ اساتذہ، طلبہ، عہدیداران کی کثیر تعداد موجود تھی۔
اردو یونیورسٹی میں عالمی یومِ آب کے سلسلے میں آج پروگرام
حیدرآباد، 20؍ مارچ (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں عالمی یومِ آب کے سلسلے میں 21؍ مارچ کو مختلف پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔ اس برس اقوام متحدہ نے یومِ آب کے موضوع ’’پانی اور صفائی کے بحران کی روک تھام کے لیے تیز رفتار تبدیلی‘‘ رکھا ہے۔ یونیورسٹی کی جانب سے 4:30 بجے دن یونیورسٹی کے باب الداخلہ سے متصل علاقے ٹیلی کام نگر سے ہوتے ہوئے واپس مانو تک مارچ کا اہتمام کیا جائے گا۔ مارچ میں یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ اور عہدیداران شرکت کریں گے۔ اس موقع پر طلبہ ہاتھ میں پانی کے تحفظ کی اہمیت پر مبنی پلے کارڈس تھامے ہوئے ہوں گے۔ ساری دنیا میں اقوام متحدہ کی جانب سے 22مارچ کو عالمی یومِ آب منایا جاتا ہے۔
پروفیسر شکیل احمد، اسکول برائے سائنسی علوم کے بموجب مارچ کے بعد اوپن ایئر تھیئٹر میں شام 6:30 بجے مختلف پروگرام منعقد ہوں گے۔ پروگرام کی صدارت پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر کریں گے۔ جناب سدھارتھ کمار، ریجنل ڈائرکٹر، مرکزی زیر زمین آبی بورڈ، محکمہ جل شکتی، حکومت ہند ، مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف پر پروگرام، مانو ڈرامہ کلب کی جانب سے نکڑ ناٹک، نوجوانوں کی جانب سے عالمی یومِ آب 2023 پر اظہار خیال کا موقع دیا جائے گا۔