کانگریس-بائیں بازو کے پاس کامیابیوں کے طور پر گنانے کے لئے کچھ نہیں ہے: وزیراعظم مودی

تاثیر،۱۵       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 15 اپریل:بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کیرالہ میں ایک انتخابی ریلی میں یو ڈی ایف اور ایل ڈی ایف پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بائیں بازو کی ساکھ ایسی ہے کہ کئی دہائیوں کی حکمرانی کے بعد بھی ان کے پاس اپنی کامیابیاں گنانے کے لیے کچھ نہیں ہے۔ مودی کیرالہ میں اپنے قیام کے دوران الاتھور کے بعد آٹ ٹنگل میں دوسری انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس اور بائیں بازو کی ساکھ ایسی ہے کہ دہائیوں کی حکمرانی کے بعد بھی ان کے پاس اپنی کامیابیوں کے طور پر گنانے کے لیے کچھ نہیں ہے۔ جب وہ لوگوں کے درمیان جاتے ہیں تو جھوٹ بول کر مرکزی حکومت کی اسکیموں کا کریڈٹ لینے کی کوشش کرتے ہیں۔ مودی نے پوچھا، ”آج کیرالہ کے کئی حصوں میں پانی کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ لوگوں کو پانی نہیں مل رہا۔ اس کا کریڈٹ کس کو لینا چاہیے؟ آج کیرالہ کی کوئر انڈسٹری بند ہونے کے دہانے پر ہے۔ کوئر انڈسٹری کے کارکنوں کی روزی روٹی داؤ پر لگی ہوئی ہے۔ اس کا کریڈٹ کون لے گا؟‘‘
بی جے پی کے حال ہی میں جاری ہونے والے انتخابی منشور کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اپنے منشور میں اعلان کیا ہے کہ ہم عالمی سیاحوں کو اپنے ورثے سے جوڑیں گے اور اپنے ورثے کو عالمی ثقافتی ورثہ کا درجہ دیں گے۔ کیرالہ میں ایسا ہونے کا قوی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا منصوبہ بڑے سیاحتی مقامات کی مجموعی ترقی ہے۔ بی جے پی کیرالہ میں ایکو ٹورازم کے لیے نئے مراکز بھی قائم کرے گی۔ اس سے ہمارے قبائلی خاندانوں کو ہوم اسٹے کے لیے مالی مدد بھی ملے گی۔
بی جے پی کے منشور پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم مودی نے زور دیا، “بی جے پی نے اپنے منشور میں ساحلی خطوں کے تحفظ پر توجہ دینے کا عہد کیا ہے۔ اس اقدام سے کیرالہ کے ماہی گیروں کو بہت مدد ملے گی۔ ہماری کوششوں کا مقصد ان کی روزی روٹی کا تحفظ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مچھلی کی پیداوار اور پروسیسنگ کے لیے نئے مراکز قائم کریں گے۔